اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارت، توانائی، اقتصادی اور عوام کی سطح پر رابطوں میں تعاون پر توجہ دینے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں اور امید ہے کہ یہ تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔
پیرکو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق نگراں زیراعظم انوار الحق کاکڑسے ترکمانستان کے سفیر عطا جان مولاموف نے ملاقات کی۔سفیر نے ترکمانستان کی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر ان کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات مزید فروغ پاتے رہیں گے۔ انہوں نے خاص طور پر تجارت، توانائی، اقتصادی اور عوام کی سطح پر رابطوں میں تعاون پر توجہ دینے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے توانائی اور بجلی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ترکمانستان کے سفیر نے ان مخصوص اقدامات کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات کے مجموعی دائرہ کار اور وسعت کو بڑھانے کے لیے تعاون کی خواہش کا اعادہ کیا۔