لاہور۔12ستمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر اور سابق آئی جی سندھ رانا مقبول احمد انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصے سے علیل اور 2 روز سے مقامی نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ان کا انتقال منگل کی صبح لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں ہوا۔
ذرائع کے مطابق رانا مقبول احمد کی نماز جنازہ (کل ) جمعرات یا ( پرسوں)جمعہ کوان کے بیٹے کی بیرون ملک سے آمد پر ادا کی جائے گی ۔رانا مقبول احمد سندھ پولیس کے سابق سربراہ (آئی جی) بھی رہے۔ اس کے علاوہ وہ پنجاب کے پراسیکیوٹر جنرل بھی تعینات رہے۔
رانا مقبول احمد 2018 میں مسلم لیگ ن کی حمایت سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے، جس کے بعد وہ سینیٹ کی کابینہ کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔ رانا مقبول احمد نے سینیٹ آف پاکستان کے رکن کے طور پر فوجداری قوانین میں ترامیم کے حوالے سے خاصا کام کیا۔
چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے رانا مقبول کے بیٹے سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے اظہار تعزیت کیا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی رانا مقبول احمد کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک اعلی پائے کے انسان تھے ،ان کی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم اورنگزیب نے بھی رانا مقبول احمد کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔