ایشیا کپ، بھارت نے سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 41 رنز سے شکست دیدی، دینتھ ویلالاگے پلیئر آف دی میچ قرار

185
، بھارت نے سری لنکا

کولمبو۔12ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں بھارت نے سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، سری لنکن ٹیم بھارت کے 214 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں 42ویں اوور میں 172 رنز پرڈھیر ہو گئی، بھارتی کپتان روہت شرما نے نصف سنچری سکور کی، کلدیپ یادیو نے چار وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، سری لنکن سپنر دنیتھ ویلالاگے کومیچ میں 5 وکٹیں اور42 رنز کی اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منگل کو آر پریما داسا کرکٹ سٹیڈیم کولمبو میں کھیلے گئے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری بھارتی ٹیم 49.1 اوورز میں 213 رنز پر آئوٹ ہوگئی، بھارت کے تمام کھلاڑیوں کو سری لنکن سپنرز نے آئوٹ کیا، بھارت نے اپنی اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا، روہت شرما اور شبمان گل نے 80 رنز کی شراکت قائم کی تاہم ان کے آئوٹ ہونے کے بعد بھارتی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کپتان روہت شرما نے 48بالوں پر 53 اور گل نے 19 رنز بنائے۔

ان کے بعد آنے والے بیٹر ویرات کوہلی صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کے ایل راہول 39 ، ایشان کشن 33 اور اکشر پٹیل 26 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سری لنکن سپنرز دنیتھ ویلالاگے نے 40 رنز کے عوض 5 اور چارتھ اسالنکا نے 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح سری لنکا کو میچ میں فتح کے لئے 214 رنز کا ہدف ملا ہے۔

بھارت کے بظاہر آسان نظر آنے والے 214 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 42ویں اوور میں 172 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی، سری لنکن بیٹرز نے اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں کیا جب اس کے ابتدائی تین بیٹرز 25 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے،

دنیتھ ویلالاگے اور ڈی سلوا نے 7ویں وکٹ کی شراکت میں 63 رنز بنا کر بھارتی ٹیم کو پریشانی میں مبتلا کردیا تاہم ویلالاگے کے آئوٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔ دنیتھ ویلالاگے نے 42 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، دھننجیا ڈی سلوا 41، اسالنکا 22، سدیرا سماراوکرما 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ ان کے علاوہ کوئی بیٹر قابل ذکر پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکا۔