”ایک پودا پاکستان کیلئے“ مہم کے حوالے کمشنرسرگودھانے کالجز میں مفت پودے تقسیم کئے

179
پودا

سرگودھا۔13ستمبر (اے پی پی):”ایک پودا پاکستان کیلئے“ہزاروں طلبا وطالبات مہم کاحصہ بن گئے ،اس سلسلہ میں سرگودھاکو سرسبز وشاداب بنانے کے عزم کے تحت کمشنرسرگودھاڈویژن محمد اجمل بھٹی نے سپورٹس سٹیڈیم میں تقریب میں مختلف سرکاری اورپرائیویٹ کالجز کے پانچ ہزار سے زائد طلبا وطالبات میں مفت پودے تقسیم کئے۔

تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکچر اتھارٹی توقیر حیدر کاظمی‘ ڈائریکٹر کالجز سرفراز گجر‘ ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر اور کنزرویٹر محمد نثار سمیت سرکاری افسران اور سول سوسائٹی بھی شریک ہوئی۔

طلبہ نے سٹیڈیم کے باہر اور دیگر اہم سڑکوں پر پودے بھی لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان پودوں کو تنآور درخت بننے تک وہ ان کی مکمل حفاظت کریں۔ طلبہ نے پودے لگاتے ہوئے اپنا ویڈیو میسج بھی ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا جس میں انہوں نے دوسروں کو بھی پودے لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر محمد اجمل بھٹی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے سرگودھا اور پاکستان کو سرسبز وشاداب بنانے کا بیڑا اُٹھا لیاہے، طلبہ اپنے گھر کے ہر فرد سے ایک پودا ضرور لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ درخت ہماری نئی نسل کے دوست ہیں۔ بچوں کو درختوں اور پودوں سے پیار کی ترغیب دی جائے۔ پلانٹ فار پاکستان مہم موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش چیلنج سے نمٹنے میں معاون ثابت ہو گا۔

ان کا مزید کہناتھا کہ تعلیمی اداروں میں پودے لگانے پر طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ طلبہ ہمارے چیمپئن ہیں جنہوں نے اس ملک کو سرسبزوشاداب بنانے کی مہم کو کامیاب بناناہے۔ کمشنرنے بتایا کہ ضلع بھر میں 40مختلف مقامات پر میواکی جنگل اُگایا جائیگا جبکہ ایک پودا پاکستان مہم کے تحت اب تک 50ہزار طلبہ میں مفت پودے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔