فیصل آباد۔ 14 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) کے زیر اہتمام بجلی چوروں کے خلاف مہم ساتویں روزبھی جاری رہی جبکہ حکومت پاکستان اور وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایات پر گزشتہ روز فیسکوریجن میں بجلی چوروں کے خلاف سخت کاروائیوں میں مزید 128بجلی چورپکڑے گئے جنہیں 4لاکھ49 ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں 1کروڑ38لاکھ روپے سے زائدکے جرمانہ کے بل جاری کردئیے گئے۔
فیسکو کے ترجمان طاہر محمود شیخ نے اے پی پی کو بتایا کہ مذکورہ بجلی چور ڈائریکٹ سپلائی او دیگر طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن کے خلاف ایف آئی آرز کے اندراج کیلئے درخواستیں بھی دیدی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 7روز کے دوران فیسکو ریجن میں بجلی چوری کے کل کیسز کی تعداد492ہوگئی ہے جن کو 14لاکھ 15ہزار سے زائد یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 5کروڑ36لاکھ سے زائد بنتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں سے 33لاکھ سے زائد کی ریکوری بھی کرلی گئی ہے جبکہ 205بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج ہوچکا ہے اورسنگین طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث 7بجلی چوروں کو گرفتاربھی کرلیاگیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=390377