اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے نگراں وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اور ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے جاری بیان کے مطابق نگراں وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی نے چیئرمین سینیٹ کو یقین دلایا کہ نگراں حکومت ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستان کو درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے حکومتی و سکیورٹی اداروں کے درمیان بین الاادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان تعاون، معلومات کا تبادلہ اور ہم آہنگی قومی استحکام کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم ہیں۔ مزید برآں دونوں رہنمائوں نے گلگت بلتستان میں امن وا مان کی بحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
نگراں وفاقی وزیر داخلہ نے علاقے میں سکیورٹی کو بڑھانے اور سماجی و اقتصادی حالات کو بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون اور اتحاد کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستان کو مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے امن و امان سے متعلق اہم مسائل کے حل میں وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی کی کاوشوں کو سراہا اور ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔