پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دیدی، سیریز 1-2 سے جنوبی افریقہ کے نام

175
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم

کراچی۔14ستمبر (اے پی پی):پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ ویمنز کو تیسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی، جنوبی افریقہ کا 186 رنز کا ہدف پاکستان کی خواتین ٹیم نے 38 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا، جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی، سدرہ امین کو میچ اور جنوبی افریقہ کی ندینی ڈی کلارک کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جمعرات کو کراچی نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری ون ڈے میں جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.1 اوورز میں 185 رنز پر آئوٹ ہوگئی، ندینے ڈی کلارک نے 60 رنز کی اننگز کھیلی، تزمین برٹس 32 ، ڈیلمی ٹوکر 25 اور مریزانے کیپ 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، ان کے علاوہ دیگر کوئی بیٹر قابل ذکر پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکی۔

پاکستان ویمنز کی طرف سے سعدیہ اقبال، نشرہ سندھو اور ندا ڈار نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، ڈیانا بیگ، وحیدہ اختر اور عالیہ ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کا 186 رنز کا ہدف 38 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ سدرہ امین 68 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، بسمعہ معروف 60 اور عالیہ ریاض 19 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہیں۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے آیابونگا کھاکا اور ندینے ڈی کلارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح پاکستان نے یہ میچ 8 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا تاہم تین میچوں پر مشتمل سیریز 2-1 سے جنوبی افریقہ کے نام رہی۔ پاکستان کی سدرہ امین کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ جنوبی افریقہ کی آل رائونڈر ندینے ڈی کلارک کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔