گورنر پنجاب کی زیر صدارت ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

265
گورنر پنجاب نے سرکاری ملازمین ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا
گورنر پنجاب نے سرکاری ملازمین ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا

لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ایچی سن کالج ایک قدیم تاریخی تعلیمی درسگاہ ہے جس کے فارغ التحصیل طلبا مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی کئی نامور شخصیات نے بھی اس ادارے سے تعلیم حاصل کی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایچی سن کالج کی شناخت اس کا تعلیمی معیار، عظیم اور شاندار روایات ہیں ۔

اجلاس میں بورڈ ممبران نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ایک سیاسی جماعت کے مظاہروں کی وجہ سے کیمبرج او لیول اور اے لیول کے کچھ امتحانات منسوخ ہونے کی وجہ سے طلبا کو جو اندازا ًگریڈ دیے گئے ہیں وہ طالب علموں کی قابلیت کے مطابق نہیں ہیں جس کی وجہ سے طلبا کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا۔ صدر بورڈ آف گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بورڈ ممبران اعلی تعلیمی پس منظر کے حامل اور معاشرے کے اندر کامیاب افراد شمار کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ بورڈ میں شامل ممبران صوبائی وزیر تعلیم، وفاقی وزیر آئی ٹی ،جی او سی 10 ڈویژن اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی قد آور شخصیات پالیسی سازی میں ادارے کی رہنمائی کریں گی اور ادارے کے تعلیمی معیار اور شاندار روایات کو مزید بلندیوں تک پہنچائیں گے۔اس موقع پر پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل اے تھامسن نے پچھلے کچھ عرصے میں نئے ہاسٹلز، ایڈمنسٹریٹو بلاکس اور کھیلوں کی سہولیات میں کی گئی بہتری کے بارے میں بتایا جسے بورڈ نے سراہا۔ اجلاس میں نئے بورڈ نے اپنی مینجمنٹ کمیٹی کے کنوینئر کے لیے سید بابر علی کا انتخاب کیا اور مذید کمیٹیاں بنانے کی سفارش کی۔