مافیاز کی شہر میں اب کوئی گنجائش نہیں،غیر قانونی اقدامات میں مصروف ملزمان کے خلاف کارروائی ہوگی، گورنرسندھ

168
Kamran Khan Tesori

کراچی۔ 15 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سٹی پراپرٹی ایکسپو 2023کا افتتاح کر دیا،ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں پراپرٹی ڈیلرز اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کےمطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ہائوسنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری سے معیشت کو استحکام حاصل ہوگا،ہائوسنگ صنعت کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ نجی شعبہ کے تعاون سے شہریوں کی رہائش کا مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے،

نجی شعبہ کو کم لاگت والے رہائشی یونٹ کی تعمیر کو ترجیح دینی چاہئے۔گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مافیاز کی شہر میں اب کوئی گنجائش نہیں، ہر طرح کے غیر قانونی اقدامات میں مصروف مجرمان کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ڈالر مزید نیچے آئے گااور اس سال دسمبر تک برآمدات میں 4 سے 5 بلین ڈالر کا اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک سے جلد 25 بلین ڈالرز تک کی سرمایہ کاری آئے گی۔ میڈیا کی جانب سے کئے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اسٹریٹ کرائمز کنٹرول کرنے کے لئے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت دی ہے کہ 15 دن میں بہتری لانا ہوگی۔