صوبائی وزیر زراعت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت اجلاس

236

لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیرزراعت،صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد، سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو، زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز،پنجاب ایگری کلچر ریسرچ بورڈ کے سی ای او اور زرعی تحقیق اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس موقع پر زرعی تحقیق کے نظام میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا۔زرعی تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اکیڈمیوں، تحقیقی ادارے اور شعبہ ایکسٹینشن کے مابین اشتراک بڑھایا جائے گا۔ اس موقع پر زرعی تحقیق کے نظام کو مربوط کرنے کے لئے ٹیکنیکل گروپ تشکیل دے دیا گیا۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر کی قیادت میں بننے والا یہ پانچ رکنی ٹیکنیکل گروپ 15 دنوں میں سفارشات مرتب کرے گا اور زرعی تحقیق میں اشتراک، شراکت اور تحقیقی عمل کو مربوط بنانے کے لئے لائحہ عمل دے گا۔اجلاس میں ریوالونگ ایگری کلچر ریسرچ فنڈ کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ زرعی سائنسدانوں کو ان کے مکمل ہونے والے منصوبوں کی بروقت ادائیگی کے لئے جامع پالیسی بنائی جائے گی۔ صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے ہدایت کی کہ ریسرچ ورک میں کسی قسم کی سیاست کا عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی مشاورت سے ایسا لائحہ عمل بنایا جائے گا جس سے زراعت کو فروغ ملے۔ ہم نے دنیا کے زرعی تحقیق کے ماڈل کو سامنے رکھتے ہوئے زرعی تحقیق کا عمل آگے بڑھا نا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یونیورسٹیز اور تحقیقی ادارے باہمی اشتراک سے تحقیق کے عمل کو مربوط طریقے سے آگے بڑھائیں تاکہ زرعی پیداوار کو بڑھایا جا سکے