صحت مند معاشرے میں تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں، وائس چانسلرنشترمیڈیکل یونیورسٹی

423

ملتان۔ 16 ستمبر (اے پی پی):وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کہا ہے کہ کسی بھی صحت مند معاشرے میں تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں،کھیل جسمانی تندرستی کو فروغ دینے، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے نشترمیڈیکل یونیورسٹی میں سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

ڈاکٹرراناا لطاف احمد نے مزید کہاکہ سپورٹس کی سرگرمیوں کا مقصد طلبہ وطالبات کو صحت مند تفریح فراہم کرنا ہے تاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔سپورٹس گالا میں بیڈ منٹن، کرکٹ، ہاکی، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، چاٹی ریس، کبڈی سمیت دیگر کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے جن میں طلباوطالبات نے بھرپور حصہ لیا۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نشترمیڈیکل یونیورسٹی نے جیتنے والے طلبا وطالبات اورٹیموں میں انعامات اورسرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، ڈائریکٹر سپورٹس پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نقوی، پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان اور پروفیسر ڈاکٹر زہرا نازش سمیت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے دیگر سینئر فیکلٹی ممبران بھی موجودتھے۔