پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر شیخوپورہ سرکل میں بجلی چوروں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن

155
Electricity thief arrested
Electricity thief arrested

شیخوپورہ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر شیخوپورہ سرکل میں بجلی چوروں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور کی زیر صدارت بجلی چوری کی روک تھام کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر افس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) عثمان جلیس ، اسسٹنٹ کمشنرز ، ایس ای واپڈا سرکل شیخوپورہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن فیصل جاوید ، پولیس اور سپیشل برانچ کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں عوام پر بوجھ بننے والے بجلی چوروں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ایس ای واپڈا شیخوپورہ سرکل نے ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور کو بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخوپورہ سرکل میں 347 مقامات پر بجلی چوری کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ 325 افراد کے خلاف اندارج مقدمہ کے لۓ استغاثہ جات پولیس کو جمع کرواۓ گۓ ہیں۔ پولیس نے بجلی چوری کرنے والے 237 افراد کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج کر کے گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دۓ ہیں ، اب تک 6 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے۔شیخوپورہ سرکل میں بجلی چوری میں ملوث 347 افراد پر 5 لاکھ 9 ہزار 59 یونٹس چارج کئے گئے ہیں۔ چارج کئے گئے یونٹس کی قیمت 23 کروڑ 10 لاکھ 1 ہزار 249 روپے بنتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بجلی چوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے اور بلا تفریق کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ بجلی چوری میں ملوث کسی فرد سے رعایت نہیں برتی جاۓ گی۔ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی میں کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا اور کنکشن فوری منقطع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈان میں واپڈا حکام کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مکمل معاونت حاصل ہے۔ نادہندگان کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے کہا کہ چوری کی بجلی استعمال کرنا ، شرعاً نا جائز و حرام ہے۔بجلی چوری کا براہ راست نقصان اور بوجھ غریب عوام پر پڑتا ہے۔ شہری اپنی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے بجلی چوروں کو پکڑنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے بجلی چوروں اور نادہندگان کو انتباہ کی ہے کہ بجلی چوری کرنے سے گریز کریں اور اپنے بقایاجات فورہ ادا کر کے قانونی کارروائی سے بچیں۔