گیپکو کی کارروائیاں جاری، مزید 61بجلی چور پکڑے گئے

205
Electricity thief arrested
Electricity thief arrested

گوجرانوالہ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):گوجرانوالہ الیکٹرک پاورکمپنی(گیپکو)ریجن میں بجلی چوروں اورنادہندگان کیخلاف کریک ڈائون بارویں روز بھی جاری رہا،مزید61بجلی چورپکڑے گئے،555افراد کے خلاف مقدمہ درج،12دنوں میں مجموعی طور پر663بجلی چورپکڑے گئے، بجلی چوروں کو5کروڑروپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے ، تمام کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں دے دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور وزارت توانائی کی ہدایات پرگیپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائوں بارویں روز بھی جاری رہا۔7ستمبر سے شروع ہونے والے اس آپریشن کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجہ میں اب تک سٹی سرکل سے173، کینٹ سرکل سے186، گجرات سرکل سے70، سیالکوٹ سرکل سے91، نارووال سرکل سے66اور منڈی بہاولدین سرکل سے 77جبکہ ریجن بھرسے مجموعی طور پر663 بجلی چور رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔

مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کو گیپکو کی جانب سے15لاکھ 28ہزارسے زائد یونٹس کی مد میں5 کروڑ17لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹکشن بل جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ تما م بجلی چورورں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں۔اس حوالے سے چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب نے بتایا کہ گزشتہ 12دنوں میں ریجن بھر سے بجلی چوروں کے خلاف کیے جانے والے آپریشن میں بڑے زرعی اور کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن 38 زرعی کنکشنز،23کمرشل، 6انڈسٹریل اور 596 ڈومیسٹک شامل ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ 663بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں جمع کروائی گئی جن میں سے 555کے مقدمات کا اندراج ہو چکاہے اور27بجلی چوروں کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے کہا کہ ہمارے بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والے بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ریجن بھر میں دن اور رات کے فرق کے بغیر کارروائیوں کا سلسلہ آخری بجلی چور کے خاتمہ تک جاری رہے گا۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں کیونکہ بجلی چوری کے خاتمہ سے ہی صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن ہے۔