لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے چونیاں میں واقع غلام عباس حویلی پر چھاپہ مارتے ہوئے 3500لٹر جعلی دودھ،48 کلو گھی، 37 کلو پاوڈر تلف کر دیا۔جعلی دودھ تیار کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج جبکہ 2 دودھ بردار گاڑیاں، 2 مکسنگ مشینیں اور پلاسٹک ڈرم ضبط کر لیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر 3500 لٹر تیار جعلی دودھ تلف کیا گیا۔ جعلی دودھ پائوڈر، پانی، ویجیٹیبل آئل اور کیمیکلز سے تیار کیا جا رہا تھا۔راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ جعلی دودھ میں استعمال ہونے والے اجزا انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہیں۔جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع ملنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
جعلی تیار دودھ لاہور میں مختلف دکانوں اور گھروں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ناقص دودھ کا استعمال پیٹ،معدہ اور آنتوں کی بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے۔ مزید برآں ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ خالص دودھ کی یقینی فراہمی کے لیے بین الاقوامی طرز کی پالیسی لا رہے ہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ صحت دشمن عناصر کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔شہری اپنے ارد گرد جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں۔