کیسکو ٹیموں کی کارروائی،کمرشل اور صنعتی نادہندگان کے سینکڑوں کنکشنز منقطع کر دیئے

82
Quetta Electric Supply Company
Quetta Electric Supply Company

کوئٹہ۔ 19 ستمبر (اے پی پی):کیسکو سینٹرل سرکل کوئٹہ کی ٹیموں نے کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے ائیرپورٹ روڈ کے علاقوں سے 9بجلی چور گرفتارکرلئے ، بجلی چوری میں ملوث نجی پلازہ کی بجلی منقطع کرکے قانونی کارروائی کیلئے پولیس اسٹیشن میں مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔

اس کے علاوہ بروری روڈ،عیسیٰ نگری، اے ون سٹی، سبزل روڈ، سریاب کسٹم، کیچی بیگ اور سپیزنڈ کے علاقوں میں بھی کارروائی کے دوران مجموعی طورپر39نادہندگان کے کنکشنز منقطع کردئیے گئے۔ اسی طرح مری آباد، ترین روڈ اور طوغی ہائوسنگ اسکیم میں 14غیر قانونی کنکشنز منقطع کردئیے گئے جن کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے متعلقہ پولیس تھانوں میں درخواستیں دائر کردی گئیں۔

علاوہ ازیں کوئٹہ شہرمیں پشتون آباد، ڈبل روڈ، تارو چوک اور فقیر محمدروڈکے علاقوں میں کارروائی کے دوران 12بجلی چور گرفتارکرلئے گئے جن کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ اسی طرح لورالائی سرکل میں کارروائی کے دوران لورالائی،ژوب اور موسیٰ خیل کے مختلف علاقوں سے 23بجلی چور گرفتارجبکہ 20بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آردرج کروا دی گئیں، اس کے علاوہ کمرشل اور صنعتی نادہندگان کے 43کنکشنز بھی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے جبکہ کارروائی کے دوران نادہندگان سے 85لاکھ روپے نیز بجلی چوروں سے 2لاکھ15ہزار روپے جرمانہ کی مدمیں وصول کئے گئے۔

سبی سرکل میں کیسکوٹیموں نے اوستہ محمدکے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے نادہندگان کے 2ٹرانسفارمرز عدم ادائیگی پر اُتاردئیے جبکہ 8بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرکے اندراج کیلئے متعلقہ پولیس تھانوں میں درخواست جمع کرادئیے گئے ،نیز کارروائی کے دوران عدم ادائیگی پر 54گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے کنکشنز منقطع کردئیے گئے۔

کیسکو خضدار سرکل میں خضدار کے مختلف دیہات کے 2ٹرانسفارمرز بلوں کی عدم ادائیگی پر اُتاردئیے گئے جبکہ قلات اور خالق آباد کے علاقوں میں 6بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے درخواستیں دائر کردی گئی۔اسی طرح نوشکی کے علاقہ قادر آبادسے 12بجلی چوربھی گرفتارہوگئے جن کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

کیسکوپشین سرکل میں بھی کیسکوٹیموں نے پولیس پارٹی کے ہمراہ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پشین شہر، قلعہ عبداللہ، علی زئی کے علاقوں میں 24گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے کنکشنز منقطع کردئیے گئے۔ علاوہ ازیں کیسکومکران سرکل کے تحت بھی کیسکوٹیموں نے گوادر اور تربت کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 19گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے کنکشنز منقطع کردئیے۔