اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور خطے میں بے شمار چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قریبی تعلقات قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ندیم جان نے ہائی کمشنر کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان میں صحت کے شعبے کے مختلف ذیلی شعبوں میں برطانیہ کی جانب سے مسلسل تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے زلزلے، حالیہ سیلاب اور پولیو کے خاتمے جیسے اقدامات اور قدرتی آفات میں برطانیہ کے کردار کا خصوصی ذکر کیا۔
فریقین نے صحت، آب و ہوا کی تبدیلی اور آبادی کے شعبے میں مسائل کے حل پر اتفاق رائے کا اظہار کیا۔ نگران وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ دستیاب محدود وقت میں ہم ایک مضبوط صحت کے نظام کو وراثت کے طور پر چھوڑنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔