
اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے 18 کلو میٹر ملتان میٹرو بس سروس کا افتتاح کردیا۔ منگل کو وزیراعظم نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور دیگر کے ہمراہ ملتان میٹرو بس سروس کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملتان میٹرو بس سٹاپ چونگی نمبر 9 کا دورہ کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے میٹرو بس سروس پر سفر کر کے سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاﷲ اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میٹرو بس ملتان میں 95 ہزار افراد روزانہ بہترین سفری سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے، 18 کلو میٹر طویل میٹرو بس سروس پر 21 اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ہر 700 میٹر کے بعد بس سٹاپ بنایا گیا ہے، یہاں پر ای ٹکٹنگ کا نظام رائج ہوگا جبکہ اس کا کرایہ سستا ترین ہوگا۔ میٹرو بس ملتان میں 25 تعلیمی اداروں، 15 ہسپتالوں اورمتعدد مارکیٹوں کو ملائے گی۔ خواتین اور معذور افراد کے لئے اس میں مخصوص نشستیں ہوں گی۔