وزیراعظم محمد نواز شریف کا ملتان میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

119
APP51-24 MULTAN: January 24 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif addressing the public gathering during inaugural ceremony of Multan Metro Bus Service at Jinnah Auditorium. APP photo by Safdar Abbas

ملتان ۔ 24 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پورا پاکستان ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو رہا ہے، جن لوگوں کو ترقی کی سوجھ بوجھ نہیں وہ پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، حکومتوں اور سیاستدانوں کا کام عوام کو دھرنے، جلسے جلوسوں اور احتجاجوں پر لگانا یاانہیں گمراہ کرنا نہیں بلکہ ملک وقوم کی خدمت کرنا ہوتا ہے، بڑے بڑے دعوے کرنے والے بتائیں انہوں نے نیا پاکستان کہاں بنایا ہے، ٹی وی پر آ کر عجیب و غریب اور بے سروپا الزامات لگانے والے ایک دن خود قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ملتان میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی و صوبائی وزرا اور سینئر سیاستدان بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ راولپنڈی اسلام آباد اور لاہور کے بعد ملتان تیسرا شہر ہے جس میں 28ارب روپے سے زائدلاگت سے 18کلومیٹر طویل میٹروبس منصوبہ کی تکمیل ہوئی ہے ۔وزیراعظم نواز شریف نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یہاں صرف سیاست کرنے، دھرنے، ترقی کا راستہ روکنے، قوم کا وقت ضائع کرنے، ترقی کے راستے می رخنہ ڈالنے، کسی تخریب کاری یا عوام کو گمراہ کرنے کے لئے نہیں بلکہ ملتان کے عوام کو میٹرو کا خوبصورت سا تحفہ دینے، ملتان کے عوام کی خدمت اور اپنا فرض ادا کرنے آئے ہیں، جو آپ کا حق ہے وہ آپ کو دینے آئے ہیں۔ انہوں نے کم سے کم مدت میں میٹرو منصوبہ مکمل کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ملتان کے عوام کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ اس کے بقیہ حصہ کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی، اگر یہ حصہ بھی موجودہ دور حکومت میں مکمل ہو تو بہت ہی اچھا ہے۔