اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان نیشل کونسل آف دی آرٹس میں ایک پروقار اور روحانی محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں خصوصی طور پر محفل حسن قرأت منعقد کی گئی جس میں نامور قاری شریک تھے جنہوں نے قرآن پاک کی تلاوت سے لوگوں کے دلوں کو منور کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں اپنے محبوب رسول کی امت میں سے پیدا کیااور ہم ان تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جو اس دن کو بڑی عقیدت و احترام کیساتھ مناتے ہیں ۔
محفل میلاد کا مقصد اپنی آئندہ آنے والی نسلوں تک حضور ﷺ کا پیغام پہنچا نا ہے ۔ محفل کے آخر میں تمام شرکاء نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر تمام امت مسلمہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔