لاہور۔22ستمبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن سولویں روز بھی جاری رہا۔لیسکو ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق لیسکو میں سولویں روز کے آپریشن کے دوران تمام سرکل میں 618 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔616 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں جن میں سے239ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ22ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیاہے، پکڑے جانے والے کنکشنز میں انڈسٹریل1،زرعی 3،کمرشل18 اور596ڈومیسٹک تھے۔
تمام کنکشنز منقطع کر کے ان کو1,373,599(تیرہ لاکھ تہتر ہزار پانچ سو ننانوے) یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 64,065,149 روپے ہے۔انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے زرعی اور کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔
ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ترجمان کے مطابق کرول گھاٹی دیوان فوڈ کنکشن کو115,000یونٹس (4,830,000)روپے،ہڈیارہ میں کنکشن کو54,753 یونٹس(1,533,084)روپے،اوکاڑہ میں کنکشن کو پکڑے جانے پر15,000 یونٹس(480,000)روپے،شاہدرہ میں کنکشن کو2,628یونٹس،(1,300,000)روپے،فیروزوالا میں کنکشن کو23,000یونٹس (1,200,000) کی رقم چارج کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لیسکو ریجن میں پندرہ روز کے آپریشن کے دوران کل7172کنکشن چیک کئے گئے،6525کنکشن کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے5478درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔کل443ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔بجلی چوروں کو اب تک15,939,064یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی رقم (694,230,600)روپے ہے۔
واضح رہے بجلی چوروں کےخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنےوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔