پشاور، فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 5 ہزار کلوگرام سے زائد مرغیوں کی ہڈیاں برآمد

304
فوڈ اتھارٹی

پشاور۔ 22 ستمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور میں قیمہ تیار کرنے والے یونٹس پر اچانک چھاپے کے دوران 5 ہزار کلوگرام سے زائد مرغیوں کی ہڈیاں برآمد کرلیں۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی پشاور میں ملاوٹ مافیا کے خلاف سرگرم عمل ہے۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے فردوس میں قیمہ تیار کرنے والے یونٹس پر اچانک چھاپے مارے اور اس دوران 5 ہزار کلوگرام سے زائد مرغیوں کی ہڈیاں برآمد کرکے تلف کر دی گئیں۔

یونٹس میں مشین سے مرغیوں کی ھڈیوں کے ساتھ رنگ ملا کر مضر صحت اور غیر معیاری قیمہ تیار کیا جا رہا تھا۔قیمہ چپلی اور سیخ کباب کیلئے ہوٹلوں کو سپلائی کرنا تھا۔

کارروائی کے دوران دو یونٹس سیل کرکے مالکان کو گرفتار کر لیا گیا اور ان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے مطابق کارروائی شروع کردی گئی۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ ایسے عناصر شہریوں کی صحت سے کھیلنے اور پوری انڈسٹری کو بدنام کرنے سے باز آئیں، ان کاروباروں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔