پشتون ثقافت کا اپنا رنگ ہے ،پر امن بقائے باہمی کو فروغ دینے کیلئے تمام قومیتوں کے اہم دنوں کو قومی سطح پر منانے کی ضرورت ہے ،چیئرمین سینیٹ

82
Chairman and Deputy Chairman Senate
Chairman and Deputy Chairman Senate

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ تہذیب و تمدن اور ثقافت کسی بھی ملک اور قوم کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پشتون کلچرڈے جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نےپشتون کلچر ڈے پر اپنے پیغام میں کہا کہ ثقافتی اقدار کی اہمیت کو سمجھنا اور انہیں احترام کی نظر سے دیکھنا کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی اور فخر کا باعث بنتا ہے، پشتون ثقافت کا اپنا رنگ ہے اور اس کے طور طریقوں میں محبت اور احترام، ہم آہنگی،انکساری اور رواداری کا درس ملتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کی مناسبت سے میں اپنے پشتون بھائیوں کو مبارکباد دیتا ہوں، میرے لئے یہ بات انتہائی مسرت کا باعث ہے کہ اس وقت پورے ملک میں پشتون کلچر ڈے کو جوش وخروش کے ساتھ منایا جارہا ہے، ہمیں پر امن بقائے باہمی کو فروغ دینے کیلئے تمام قومیتوں کے اہم دنوں کو قومی سطح پر باضابطہ منانے کی ضرورت ہے تاکہ قومی جذبے کے ساتھ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں اور اسی طریقے سے ہی ہم قومی یکجہتی، اتحاد و یگانگت کو پروان چڑھا سکتے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پشتون ایک نڈر اور غیور قوم ہے آج دنیا بھر میں پشتون کلچر ڈے جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، میں اپنے پشتون بھائیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے آج کے دن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی اقدار کی اہمیت کو ہماری زندگیوں میں نمایاں اہمیت حاصل ہے، ہماری تہذیب و تمدن کو احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، پشتون روایا ت قابل فخر ہیں، آج کا دن منانے کا مقصد محبت، احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ پشتون دنیا بھر میں اپنی روایات اور رسم ورواج کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔