سیالکوٹ پولیس کی کارروائی ، چور گینگ کے 4 ارکان سرغنہ سمیت گرفتار، 90 لاکھ روپے مالیتی مال مسروقہ برآمد

192
Illegal weapons
Illegal weapons

سیالکوٹ۔ 24 ستمبر (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ مراد پور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رفیق عرف فیکا چور گینگ کے 4 ارکان سرغنہ سمیت گرفتار کر کے 90 لاکھ روپے مالیتی مال مسروقہ برآمد کر لیا۔

ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ محمد حسن اقبال کی ہدایت پر تھانہ مرادپور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران چند روز قبل مرالہ روڈ پر واقع فیکٹری سے 80 لاکھ روپے کے لیدر گلوز اور جیکٹ چوری کرنے کے واقعہ میں ملوث رفیق عرف فیکا چور گینگ کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے،

ملزمان کے قبضہ سے فیکٹری سے چوری کیا جانے والے 80 لاکھ روپے کا مال اور 5 لاکھ روپے نقدی بھی برآمد کی گئی ہے جبکہ ملزمان کے قبضہ سے مختلف مقامات سے چوری شدہ 10 لاکھ روپے مالیت کی 7 عدد موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں،

گرفتار ملزمان میں رفیق عرف فیقا۔جواد الحسن۔عبدالغفار اور مقدس شامل ہیں، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جن سے مزید ریکوری عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم میں شامل افسران و جوانوں کے لیے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس کا اعلان کیا ہے۔