کوئٹہ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):نیشنل بُک فاؤنڈیشن اور شہید باز محمد خان فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام پشتون کلچرل ڈے کی مناسبت سے شہید باز محمد خان ڈیجیٹل لائبریری جناح ٹاؤن میں تین روزہ کتاب میلے کا افتتاح کر دیا گیا۔
میلے کا افتتاح مصنف اور سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو عبدالصبور کاکڑ نے ربن کاٹ کر کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالصبور کاکڑ نے کہا کہ ثقافت اور کتاب کے چولی دامن کا ساتھ ہے ۔کتاب ہی قوموں کی شناخت میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور قومیں اپنے آبا و اجداد کے بارے میں کتب سے ہی رہنمائی لیتی ہیں ۔یہ کتابیں ہی ہیں جو قوموں کی تاریخ ،شاعری،علم وادب ، زبان،اور تما م ریکارڈ کو محفوظ کرکے ایک نسل سے دوسرے نسل میں منتقل کرتی ہے ۔مہمان خصوصی نے اس کلچرل ڈے میں کتاب میلے کو ایک اچھا آ غاز قرار دیا اور لوگوں کی کتابوں میں دلچسپی کو نہایت سراہا اور انھوں نے نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی طرف سے اس کتاب میلے کو خوش آئند قرار دیا ۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریوینو بلوچستان عبدالصبور کاکڑ نے شہید باز محمد کاکڑ فاؤنڈیشن کے سلوگن کے تحت’’ لائبریریاں بناؤ ،نسلیں بچاؤ‘‘ اور ’’کتاب بینی مشن ‘‘کو سراہتے ہوئے کہا ہےکہ 21 ویں صدی میں تعلیم اور ہنر کے ضرورت بہت بڑھ گئی ہے مہذب معاشرے کی پہچان اسکی تعلیم ،شعور، کامیاب تر زندگی گزارنے سے معلوم ہوتی ہے ،ہمیں نوجوان نسل کو کتب دینی کی طرف راغب کرنا ہوگا،نو جوانوں کو کتاب بینی ،تحریر ،علم اور تحقیق کی طرف راغب کر ہو گا۔
یہ سب ہمارے کلچر کی ایک حصہ ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ کتاب ہمارے زندگی کا ایک اہم حصہ ہے جو کہ زندگی کی ہر راستے پہ کام آتی ہے۔