مصر میں صدارتی انتخاب کے لئے پولنگ 10 تا 12دسمبر ہو گی ، نیشنل الیکشن اتھارٹی

109
مصر میں صدارتی انتخاب کے لئے پولنگ 10 تا 12دسمبر ہو گی ، نیشنل الیکشن اتھارٹی

قاہرہ۔26ستمبر (اے پی پی):مصر میں الیکشن حکام نے صدارتی انتخابات 10 سے 12دسمبر کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیشنل الیکشن اتھارٹی کے چیئرمین جسٹس ولید حسن حمزہ نے بتایا کہ پولنگ10، 11 اور12دسمبر کو ہوگی۔ امیدوار اکتوبر سے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں اور امیدواروں کی فہرست کو9نومبر میں حتمی شکل دی جائے گی۔ انتخابی مہم 29 نومبر تک جاری رہے گی اور نتائج کا اعلان 18 دسمبر کو کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب عرب دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا یہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے۔ سابق آرمی چیف صدرعبدالفتاح السیسی جو تقریبا ایک دہائی سے اقتدار میں ہیں نے ابھی تک اپنی امیدواری کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا ۔ 68 سالہ عبدالفتاح السیسی پہلی مرتبہ 2014 میں صدر منتخب ہوئے تھے اور پھر 2018 کے انتخابات میں کامیاب ہوئے اب تک صرف دو دیگر امیدواروں نے انتخاب میں بطور امیدوار حصہ لینے کا اعلان کیا ہے جن میں حزب اختلاف کے سیاستدان احمد الطنطاوی شامل ہیں۔مصری سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر فرید زھران نے بھی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔