کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد

108
کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد

راولپنڈی۔26ستمبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کے ہمراہ آر پی او راولپنڈی سید خرم علی کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع اٹک، جہلم اور چکوال کے ڈپٹی کمشنر نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں عید میلادالنبیﷺۖکے موقع پر انتظامی اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلا س کی صدارت کرتے ہو ئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ کو شایان شان طریقے سے منائیں گے۔ سرکاری عمارتوں کو سجایا جائے گا، جلوسوں کے روٹس پر سخت سیکورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔

عید میلاد النبیۖﷺکے موقع پر بہترین اور موثر انتظامات کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ علماء کرام نے ہمیشہ مذہبی رواداری کو فروغ دیا ہے، ہمیشہ کی طرح علماء کرام عید میلاد النبیۖ ﷺکے موقع پر بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے میں کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی ہر ضلع میں سیرت النبیۖ ﷺکانفرنس منعقد کی جائیں گی۔سیرت النبیۖ ﷺکانفرنس میں تمام مکتبہ فکر کے علماء شرکت کریں جس سے اتحاد کا پیغام جائے گا۔ عید میلاد النبیۖ ﷺکے موقع پر انتظامی و حفاظتی امور میں کوئی خلا برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنر امن کمیٹی کے اجلاس بلا کر انتظامی اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ عید میلاد النبیۖ ﷺکے روٹس پر جہاں کہیں بھی تعمیراتی کام ہو رہا ہے اسے فوراً مکمل کیا جائے جبکہ آر پی او راولپنڈی پولیس نے عید میلاد النبیۖ ﷺکے حوالے سے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے کر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ریجن بھر میں پولیس افسران و اہلکاران جلوسوں کے مقررہ کردہ روٹس پر تعینات کئے جائیں گے۔ ممبران ڈویژنل امن کمیٹی نے سیکورٹی اور انتظامی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔