ددو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس 11 اور12 ربیع الاول کومنعقد ہوگی، مقابلہ مقالات و کتب سیرت ونعت کے انعام یافتگان میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے

210
Ministry of Religious Affairs
Ministry of Religious Affairs

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امورکے زیر انتظام48ویں 2 روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس 11 اور12 ربیع الاول(28اور29ستمبر) کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی ،یہ کانفرنس تقسیم انعامات مقابلہ مقالات و کتب سیرت ونعت اور سیرت النبیﷺ کانفرنس دو اہم حصوں پرمحیط ہوگی ۔

رواں سال مقابلہ مقالات و کتب سیرت ونعت کا اعلان فروری میں کیا گیا تھا جس کا عنوان ’’ملکی معاشی استحکام کے لئے حکمت عملی، سیرت النبیﷺ کی روشنی میں ‘‘ تھا۔واضح رہے کہ مقابلہ مقالات و کتب وسیرت کےلئے وزارت کو موصول ہونے والے تمام مقالات و کتب کو ابتدائی طور پروزارت کی سطح پرایک سکروٹنی کمیٹی شرائط و ضوابط کے مطابق پرکھتی ہے، اس مرحلے میں منتخب ہونے والی ہر کتاب اور ہرمقالے کوکم از کم 3ماہرین پر مشتمل ججز کی کمیٹی کو تفصیلی جانچ پڑتال کےلئے ارسال کیا گیا، یہ جج اور ماہرین یونیورسٹیوں کے پی ایچ ڈی کی سطح کے پروفیسرز ہوتے ہیں ۔

بعد ازاں ان ماہرین کی رپورٹس کوایک اعلیٰ سطحی ایپکس کمیٹی کے سپرد کیا جاتا ہے، یہ کمیٹی ہر کتاب و مقالہ کو مذکورہ رپورٹس کی روشنی میں پرکھ کرفیصلہ کرتی ہے کہ کون سی کتاب کون سے انعام کی مستحق ہے ۔ اس طرح انعام یافتہ قرار پانے والی کتاب یا مقالات سیرت کا تعین ہوتا ہے۔رواں سال مقابلہ کتب و سیرت و نعت کےلئے 137کتابیں موصول ہوئیں جن میں سے انعام حاصل کرنے والی خوش نصیب افراد کی تعداد 31ہے جبکہ 94مقالات سیرت موصول ہوئے جن میں انعام حاصل کرنے والے افراد کی تعداد 35ہے۔ اس سال کل 66خوش نصیب افراد انعام یافتگان میں شامل ہوں گے۔

انعام حاصل کرنے والوں کو یادگاری شیلڈز، سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور معیاری مقالات کو چھپوا کرملک بھرکی جامعات کی لائبریوں اور سیرت النبیﷺکے موضوع پر تحقیقی اداروں کو مفت فراہم کرے گی۔سیرت النبیﷺکانفرنس کے دو سیشن ہوں گے،پہلے سیشن میں مقالات کتب و سیرت و نعت کے موضوع پرمقابلوں میں حصہ لینے والے اول ، دوم اورسوم آنے والے مصنفین اور شعرا میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام ہر سال سیرت کانفرنس میں ملکی اورغیرملکی معروف مذہبی سکالرز شرکت کرتے ہیں جس کا مقصد علماءکرام کے باہمی میل جول سے فکری فاصلوں کو کم کرنے اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع فراہم ہوتا ہے اور اس سے مذہبی ہم آہنگی ، رواداری پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں محفل نعت کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں ملک کے نامور نعت خواں نبی اکرم ﷺکی مدح سرائی کریں گے۔کانفرنس کے دوسرے روز مرکزی تقریب میں سیرت النبیﷺ کے مختلف پہلوئوں کو اجاگرکیا جائے گا، موضوع کی مناسبت سے سکالرز اور خطبا مختلف عنوانات معیشت کا تصوراتی پہلوسیرت النبیﷺکی روشنی میں ،فلاحی معیشت کا قیام سیرت النبیﷺکی روشنی میں ،معیشت اور معاشرت کا تعلق کا پہلوسیرت النبیﷺکی روشنی میں ،معیشت اوراخلاق کے تعلق کا پہلوسیرت النبیﷺکی روشنی میں ،معاشی استحکام میں ریاست کا کردارپہلوسیرت النبی ﷺکی روشنی میں ، زکوۃ اور صدقات کا معاشی استحکام میں کردار کا پہلوسیرت النبیﷺکی روشنی میں ،

اسلام کا مثالی معاشی نظام کا پہلوسیرت النبیﷺکی روشنی میں ، معاشی استحکام کےلئے افراد کی تعلیم و تربیت سیرت النبیﷺکی روشنی میں ، کسب معاش کی فضیلت اورمعاشی استحکام کےلئے اس کی اہمیت سیرت النبیﷺکی روشنی میں ،معاشی استحکام کےلئے منصوبہ بندی کی اہمیت اور ضرورت سیرت النبیﷺکی روشنی میں اور معاشی استحکا م میں خواتین کا کردارسیرت النبیﷺکی روشنی میں ‘‘ پر اظہارخیال کریں گے۔