راولپنڈی۔26ستمبر (اے پی پی):چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وصدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ثاقب رفیق کی خصوصی ہدایت پر ڈینگی اور سموگ کی روک تھام کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز مینوئل سوئیپنگ اور ویسٹ لفٹنگ کے ذریعے کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگا کر شہر کو زیرو ویسٹ کرنے میں مصروف ہیں۔ شہر کے قبرستانوں سے کوڑا کرکٹ اور جھاڑیاں صاف کی جا رہی ہیں،
ورکرزروزانہ کی بنیادوں پر شہر میں رکھے ویسٹ کنٹنیرز کی واشنگ کر رہے ہیں تاکہ اس میں کھڑا پانی اور کوڑا کرکٹ ڈینگی کا سبب نہ بنے اور کوڑا جلانے پر سموگ پیدا نہ ہو۔ربیع الاول صفائی پلان کے حوالے سے شہر کی مرکزی عمارتوں،سڑکوں اور جلوس روٹ کی واشنگ کی جارہی ہے۔
راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی مرکزی جلوس کے روٹ کی صفائی کیلئے پرعزم ہے۔چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وصدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ثاقب رفیق نے کہا کہ شہری بھی ڈینگی اور سموگ کی روک تھام کیلئے جاری کاوشوں میں اپنا ہاتھ بٹائیں اور صفائی یقینی بنا کر خود کواور اپنے پیاروں کو موذی امراض اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے محفوظ رکھیں ۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز شہر کو صاف کرکے ڈینگی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں،شہری بھی اس مہم میں حصہ بنیں اور صفائی کے حوالے سے شکایات ہیلپ لائن نمبر 1139پر درج کرائیں یا سوشل میڈیا اکائونٹس پر ہمیں ٹیگ کریں، کہیں پانی کھڑا نہ ہونے دیں ،کوڑا کرکٹ کوڑا دانوں تک پہنچا کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔