راولپنڈی27 ستمبر (اے پی پی):انسداد بجلی چوری مہم کے سلسلے میں آئیسکو حکام کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے بعد بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے، رواں ماہ ضلع بھر میں بجلی چوری میں ملوث 96افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مزید 8 افراد کے خلاف بجلی چوری کے الزام میں پولیس کو درخواستیں دے دی گئیں ہیں۔
آئیسکو کے مطابق انسداد چوری مہم کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ راولپنڈی اور آئیسکو حکام پر مشتمل کمیٹیاں ضلع بھر میں متحرک ہیں، تحصیل انفورسمنٹ کمیٹیوں نے انسداد چوری مہم کے سلسلے میں کمال آباد،گلزار قائد، جھنڈا چیچی،ویسٹرج،ٹینچ بھاٹہ، بھابڑا بازار، سواں، چکری روڈ،پیر ودھائی، رتہ امرال، دھمیال، سکھو،روات،سمیت ضلع بھر میں میٹر چیکنگ کی۔ آئیسکو حکام کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کے ساتھ کمرشل پلازوں، ہوٹلوں، ہسپتالوں اورتعلیمی اداروں میں میٹر کی چیکنگ کی گئی۔
فوکل پرسن اے سی ہیڈ کوارٹر چوہدری وحید صادق کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف حکومتی احکامات کے مطابق سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ سول ڈیفنس راولپنڈی میں قائم شکایت سیل میں عوام کی طرف سے شکایات پر بھی کارروائی کی جا رہی ہے، شہریوں کی جانب سے درج کرائی گئی شکایات کی روشنی میں انسداد بجلی چوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ اب تک رواں ماہ میں آئیسکو حکام کی جانب سے بجلی چوری میں ملوث 123 افراد کے خلاف پولیس کو درخواستیں دی گئی ہیں۔