راولپنڈی ۔29ستمبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے آر پی او راولپنڈی سید خرم علی کے ہمراہ ایم سی آر میں قائم کنڑول روم کا دورہ کیا ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ اور اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی کینٹ قندیل فاطمہ بھی موجود تھیں ، کمشنر راولپنڈی نے عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا، کمشنر راولپنڈی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، 200 سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، 2970 پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار جلوسوں کے مختلف روٹس پر تعینات کیے گئے ہیں۔
کمشنر راولپنڈی نے عید میلاد النبیﷺ کے جلوسوں کے روٹس کا سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مؤثر نگرانی کے عمل کا جائزہ بھی لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا عید میلاد النبیﷺ پوری امت مسلمہ کیلئے خوشی کا دن ہے۔خاتم النبیین حضرت محمدﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت ہیں، ہم خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے نہ صرف آخرت بلکہ دنیا بھی سنوار سکتے ہیں، حضور اکرم ﷺ کی زندگی بنی نوع انسان کیلئے مشعلِ راہ ہے
، خاتم النبیین حضرت محمدﷺ نے اخوت، رواداری، برداشت، صبر، میانہ روی، اخلاق، سمیت زندگی کے ہر معاملے میں تمام انسانوں کی رہنمائی فرمائی، بعد ازاں کمشنر لیاقت علی چھٹہ نے آر پی او راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ مرکزی جلوس کا دورہ کیا ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا راولپنڈی انتظامیہ نے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کیے ہیں، جلوس میں روشنیوں کا مناسب بندوبست کیا گیا ہے ، انہوں نے کہا راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔پنجاب رینجرز اور فوج کی مدد حاصل ہے اور سٹیٹ آف دی آرٹ کنٹرول روم سے جلوس کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے ، جلوس کا وقت پر اختتام یقینی بنایا جائے گا۔