لاہور ۔ 26 جنوری(اے پی پی)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی کا 68 واں اجلاس 26 سے 30 جنوری تک مشترکہ طور پر لاہور اور امرتسر میں منعقد ہو رہا ہے جس میں شرکت کیلئے پاکستان سے 20 رکنی وفد سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک کی قیادت میں وفد جمعرات کو واہگہ کے راستے امرتسر روانہ ہوگیا جہاں وہ اس حوالے سے طے شدہ اجلاسوں میں شرکت کرے گا ۔سارک کے بزنس لیڈرز کا وفدجمعہ 27 جنوری کو واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچے گا، وفد اپنے دو روزہ دورہ کے دوران وزیر اعظم، گورنر پنجاب، وزیر تجارت اور فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) کے عہدیداروں کے ساتھ مفید اور بامعنی مذاکرات کرے گا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک تنظیم کے مقاصد کو اجاگر کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کا پیغام عام کرنے کیلئے سارک چیمبر نے یہ اجلاس مشترکہ طور پر لاہور اور امرتسر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔