ملک بھر میں سرکارِ دو عالم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

147
حضرت محمد ﷺ

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):ملک بھر میں سرکارِ دو عالم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر ملک بھر میں چھوٹی بڑی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور ہر جانب روشنی اور فضا میں درود و سلام کی صدائیں بلند رہیں ۔میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے حوالے سے نعتوں کی محافل کا انعقاد بھی جاری رہا اور ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس بھی نکالے گئے ۔وفاقی دارالحکومت میں سرکاری، نجی عمارات اور گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا جبکہ شہر بھر میں عیدِ میلادالنبی ﷺ کے مختلف جلوس نکالے گئے ۔

راولپنڈی میں بھی عید میلاد النبی کے جلوس نکالے گئے ،اسی طرح جماعتِ اہلسنّت کراچی کے تحت مرکزی جلوس 3 بجے سہ پہر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری و دیگر علماء و مشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو ا جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچا۔جماعتِ اہلسنّت کراچی کے زیرِ اہتمام عظیم الشان جلسۂ عیدِ میلاد النبیﷺ شام 5 بجے نشتر پارک میں علامہ شاہ عبد الحق قادری کی زیرِ صدارت منعقد ہو ا۔ ایسٹ زون میں 150 سے زائد جلوس اور محافل منعقد ہوئیں ۔تینوں اضلاع میں پولیس ہائی الرٹ رہی ، کورنگی، ملیر ایسٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔ 12 ربیع الاوّل کی مناسبت سے ضلع ساؤتھ میں مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہو ا جو نشتر پارک میں اختتام پزیر ہو ا۔لاہور میں دن کے آغاز پر ایوب اسٹیڈیم کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی،

اس موقع پر فوجی جوانوں نے اللّٰہ اکبر کے بلند نعرے بھی لگائے اور ملک میں امن و سلامتی اور استحکام کی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ راولپنڈی میں بھی کم و بیش 136 جلوس برآمد ہوئے، عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کی طرف آنے والے راستے سیل کردیئے گئے تھے ۔پشاور میں بھی حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن بھر پور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔پشاور میں 12 ربیع الاوّل کا مرکزی جلوس رات میلاد چوک سے برآمد ہوا جو کریم پورہ بازار،گھنٹہ گھر اور سبزی منڈی سے ہوتا ہوا قصہ خوانی پر اختتام پذیر ہوا۔پولیس کے مطابق 12 ربیع الاوّل پر 1500 سے زیادہ پولیس اہلکار وں نے فرائض سر انجام دیئے ،

ملک کے دیگر حصوں کی طرح کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے 13 چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے جو شہر کے وسطی علاقے باچاخان چوک پر جمع ہوئے ، جلوس کی سکیورٹی کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کے 4 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے تھے ۔جلوس لیاقت بازار، جنکشن چوک، پرنس روڈ، مسجد روڈ سے ہوتا ہوا منان چوک پر ایک بجے اختتام پزیر ہو ا ۔ملتان میں عیدِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مرکزی ریلی قلعہ کہنہ قاسم باغ سے برآمد ہو ئی جو چوک گھنٹہ گھر حسین آگہی بازار سے ہوتی ہوئی چوک بازار پہنچ کر اختتام پزیر ہوئی ۔ سرگودھا میں سید حامد علی شاہ مسجد کمپنی باغ سے مرکزی جلوس کا آغاز ہو اجس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے ٹریکٹر ٹرالیوں اور بیل گاڑیوں پر سوار ہوکر شرکت کی ۔