نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو کی قومی مہم کا آغاز کر دیا

144
Federal Minister for National Health
Federal Minister for National Health

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو کی قومی مہم کا آغاز کر دیا۔

اتوار کو انسداد پولیو کی مہم کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2023 کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم 2 اکتوبر سے ملک بھر میں شروع ہو رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی انسداد پولیو مہم میں تقریباً 43 ملین بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پولیو کا کوئی علاج نہیں اور صرف پولیو ویکسین ہی بچوں کو مستقل معذوری سے بچا سکتی ہے۔

انہوں نے والدین، سول سوسائٹی، اساتذہ، علمائے کرام اور مذہبی اسکالرز پر زور دیا کہ وہ پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری قومی غیرت و حمیت کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک مرحلے پر افغانستان اور پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں تھا لیکن اب ہم پولیو کے خاتمے کے قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی جنگ والدین کی مدد کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو رضاکاروں کے ساتھ تعاون کریں جب وہ ان کی دہلیز پر ہوں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جنوبی کے پی میں اعلیٰ افسران کو تعینات کیا ہے۔