مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا ہے،پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا،نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ

121
Caretaker Prime Minister
Caretaker Prime Minister

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی): نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا،مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے پر ہم کشمیری آپ کےشکر گزار ہیں۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہر طرح سے ان کے ساتھ ہے۔ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کمشیر کا حل اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق نہیں ہوتا، ہم کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔