پاک سعودی بھائی چارہ مثالی ، شاہ سلمان فائونڈیشن کے مستحق طبقات کےلئے ریلیف پیکیجز سے باہمی تکریم اور محبت میں اضافہ ہو گا،وفاقی وزیر برائے مذہبی امور

101
Supervising Federal Minister for Religion
Supervising Federal Minister for Religion

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان بھائی چارہ مثالی ہے، شاہ سلمان فائونڈیشن کی جانب سے پاکستان کے مستحق طبقات کےلئے ریلیف پیکیجز کی وجہ سے ہمارے دلوں میں سعودی حکومت اور عوام کےلئے تکریم اور محبت میں مزید اضافہ ہو گا۔

جمعہ کو یہاں سعودی سفارتخانے میں شاہ سلمان فائونڈیشن کی جانب سے مستحق خواتین کی امداد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے، پاکستانی اور سعودی عوام کے درمیان بھائی چارہ اور محبت ہمیشہ مثالی رہی ہے۔

انہوں نے شاہ سلمان فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر خالد اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قرآن حکیم میں اﷲ نے تمام مسلمانوں کو امت واحد قرار دیا ہے، ہمیں اپنے مسلمان بھائیوں کی ہر ممکن امداد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی فرمانروا اور حکومت کے ان اقدامات کی وجہ سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے میں اضافہ ہو گا۔