نگران وفاقی وزیر صحت ریجنل ہیلتھ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

120
nadeem jan
nadeem jan

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان 22 ممالک پر مشتمل اعلیٰ ترین علاقائی صحت فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ روانگی سے قبل اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ دوست ممالک کے وزرائے صحت سے ملاقاتیں طے ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں کے دوران وہ پاکستان میں ویکسین کی تیاری کے لیے ٹیکنالوجی کی منتقلی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کی میزبانی کے لیے بھرپور وکالت کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

عالمی ادارہ صحت کی علاقائی کمیٹی برائے مشرقی بحیرہ روم کے علاقے کا 70 واں اجلاس 9 اکتوبر کو قاہرہ میں شروع ہو رہا ہے۔اس سیشن کے دوران ڈاکٹر ندیم جان پاکستان کے اقدامات اور چیلنجز پر بریفنگ دیں گے اور مستقبل کے لائحہ عمل کو پیش کریں گے۔مشرقی بحیرہ روم کا علاقہ، جو جنوبی ایشیا میں پاکستان سے لے کر شمالی افریقہ کے موریطانیہ تک پھیلا ہوا ہے، بحث کا مرکزی نقطہ ہے۔WHO EMRO کے ریجنل ڈائریکٹر کا انتخاب بھی کانفرنس

کے ایجنڈے میں شامل ہے اور پاکستان اپنا ووٹ ڈالے گا۔پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر ندیم جان ای ایم آر او ریجن کے ریجنل ڈائریکٹر کے انتخاب میں بھی حصہ لیں گے۔اس کے علاوہ پاکستان کانفرنس کے دوران EMRO خطے کے وزرائے صحت کو اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرے گا۔کانفرنس کے دوران ہونے والی بات چیت میں یونیورسل ہیلتھ کوریج، صحت کی ہنگامی صورتحال، اور متعلقہ چیلنجز جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔ ڈاکٹر ندیم جان صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اصلاحات کے بارے میں بصیرت فراہم کریں گے۔