استحکام پاکستان سیاسی ستون اور سیاست میں سکون کا باعث ہے، استحکام پاکستان پارٹی کے منشور پر عمل پیرا ہو کر غریب خوشحال پاکستان میں زندگی گزارے گا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

193
استحکام پاکستان سیاسی ستون اور سیاست میں سکون کا باعث ہے، استحکام پاکستان پارٹی کے منشور پر عمل پیرا ہو کر غریب خوشحال پاکستان میں زندگی گزارے گا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان سیاسی ستون اور سیاست میں سکون کا باعث ہے، استحکام پاکستان پارٹی کے منشور پر عمل پیرا ہو کر غریب خوشحال پاکستان میں زندگی گزارے گا، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملک کی معیشت کی بیمہ پالیسی ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ملک حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔

جہانگیر خان ترین کی قیادت اور عبدالعلیم خان کی صدارت میں علامہ اقبال کے شاہین کی پرواز آسمان کی بلندیوں تک لیکر جائیں گے،13اکتوبر کوآئی پی پی کا جھنگ میں پاور شو ہوگا جس کے بعد عوامی راستہ مہم کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سب سے پہلے پوری قوم کواستحکام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن کی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

باضابطہ رجسٹریشن کے بعد 13اکتوبر سے عوامی رابطہ مہم اور ورکرز کنونشن کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں ۔ ہماری جماعت سیاسی منظر نامے پر نئی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔انہوں کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی سیاسی ستون اور سیاست میں سکون کا باعث ہے ، عوام سیاسی ہیجان اور اضطراب سے تنگ آ چکی ہے ، انتشار اور کھوکھلے نعروں کا دور گزر چکا ، سیاسی پارٹیوں کی کارکردگی ہی ان کااصل بیانیہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کی عوام میں پذیرائی سیاسی رہنما کی بجائے ہمدرد اور حقیقی لیڈر کے طور پر ہے ۔ 13 اکتوبر کا آئی پی پی کا جھنگ میں بھرپور پاور شو ہوگا ،کمزور دل حضرات احتیاط کریں، عوام کی پارٹی عوام سے ملنے جارہی ہے، عوام سے ملاقاتوں کے یہ سلسلے اب دور تک چلیں گے، سیاسی جلسے اور ورکرز کنونشن کا یہ سلسلہ اب تھمنے والا نہیں،آئی پی پی نے تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا جو نعرہ لگایا ہے اس پر عمل پیرا ہونے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور ملک کی اقتصادی ترقی کا روڈ میپ ہے جس میں کوئی سپیڈ بریکر نہیں، یہ منشور غریب کا ہاتھ پکڑ کر خوشحالی کی جانب سفر کرنے کا پاسپورٹ ہے، غریب اب خوشحال پاکستان میں زندگی گزارے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف ایون فیلڈ میں بیٹھ کر فیلڈنگ سیٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ میڈیکل رپورٹس کے ذریعے عدالت جانے کی بجائے ہسپتال میں آرام کرنا چاہتے ہیں، نواز شریف ہسپتال میں ڈرپ لگوا کر عدالت سے سکپ ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹس کی سیاست ان کی ووٹس کی سیاست کو کھا جائے گی، شہباز شریف کا بیان کہ نواز شریف قانون کے سامنے پیش ہوں گے اور مقابلہ کریں گے ان کے تصادم کے ارادوں کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجرم عدالت میں پیش ہوتا ہے اور قانون کا سامنا کرتا ہے مقابلہ نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ میں عادل راجہ کو کہتی ہوں کہ عادل راجہ باز آجائو، جس مٹی میں تمہارے آبائو اجداد دفن ہیں اسی مٹی سے وفا کرنا سیکھو ،دیار غیر میں گمنام مدفون پر کوئی فاتحہ بھی نہیں پڑھنے آئے گا،یوٹیوبر ٹیک اوور کی بجائے ”فیک اوور” کی خبریں پھیلا رہا ہے۔ اس” یو” کی جس دن "ٹیوب ” پنکچر ہو گی اس دن اس کی ساری ہو انکل جائیگی۔انہوں نے کہا کہ بچپن میں شیز ان کے شوقین بچے ایک بوتل شیز ان کی خاطر اپنے گھر کی ساری باتیں محلے میں بتاتے ہیں۔ اسی طرح عادل راجہ ذاتی مفاد کی خاطر ملکی راز دشمنوں کے سامنے افشا کر رہے ہیں۔ عادل راجہ جس طرح ملکی سلامتی کا با جابجانا چا ہ رہے ہیں ان کو پتہ نہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ماڈرن پاکستان کا فلیگ شپ انیشی ایٹو ہے، اس کونسل کے قیام سے پاکستان میں سرمایہ کاریوں کی نئی راہداریاں اور ترقی کے لئے در کھلیں گے، مضبوط معیشت کے لئے سپہ سالار اور پاک فوج کی گرانقدر خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ہمیں پاک فوج کے ساتھ مل کر معاشی مضبوطی اور خود انحصاری کے اس سفر میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سرحدوں کو محفوظ بنانے والے اب کھیت کھلیانوں میں سونا اگانے کے لئے حالات ساز گار کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملکی خوشحالی کی بیمہ پالیسی ہے۔ یہ واحد لکی کمیٹی ہے جو سب کی قسمت چمکا دے گی اور ہر بندہ خوشحال ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اقتصادی ترقی اجتماعی اور انفرادی ترقی سے مل کر ہوتی ہے، اقتصادی خو شحالی ہی حقیقی اور بنیادی خوشحالی ہے۔