پشاور۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):فوڈ سیفٹی اتھارٹی خیبرپختونخواہ نے ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، ہریپور سمیت صوبہ بھرمیں چھاپے مارے اور ایک ہی دن میں سینکڑوں لٹرملاوٹ شدہ دودھ تلف کرتے ہوئے مالکان پر بھاری جرمانےعائد کیے گئے،اس سلسلے میں ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے بیان کے مطابق نگران صوبائی حکومت کے احکامات پر صوبہ بھرمیں دودھ کی ملاوٹ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا،
ڈائریکٹرآپریشن الطاف حسین کی نگرانی میں تہکال، حیات آباد اورٹاؤن میں دودھ فروشوں پراچانک چھاپے مارے گئے اورجدید موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ کے نمونے چیک کیے گئے، اس موقع پر ہی ایک سو پچاس لیٹرسے زائد ملاوٹ شدہ دودھ تلف کر دیا گیا جبکہ نوشہرہ اور ہریپورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ملاوٹ شدہ دودھ کی بڑی مقدار تلف کی گئی۔ ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے پر وارننگ نوٹسز جاری کرتے ہوئے دودھ فروشوں پربھاری جرمانے عائد کیے گئے۔