ملکی جامعات کے معاملات پر بروقت فیصلہ سازی کیلئے سینیٹ اجلاس باقاعدگی سے اور بروقت منعقد کیے جائیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی سینیٹ کا 6 واں اجلاس

58
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کامسیٹس یونیورسٹی کے سینیٹ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملکی جامعات کے معاملات پر بروقت فیصلہ سازی کیلئے سینیٹ اجلاس باقاعدگی سے اور بروقت منعقد کیے جائیں، تمام یونیورسٹیاں اور متعلقہ وزارتوں کو سینیٹ ممبران کی خالی نشستیں بروقت پر کرنے کی ضرورت ہے، جامعات کو انتظامی اور تدریسی آسامیوں پر میرٹ پر بھرتی کا عمل بھی وقت پر شروع کرنا چاہیے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی سینیٹ کے 6ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایگزیگٹو ڈائریکٹر کامسیٹس ، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی اور سیکرٹری وفاقی تعلیم سمیت سینیٹ کے ممبران نے شرکت کی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ جامعات مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتےہوئے نئے شعبہ جات شروع کریں، جامعات میں نئے شعبہ جات میں درس و تدریس شروع کرنے سے پہلے مارکیٹ کی ضروریات کا معروضی جائزہ لیا جانا چاہیے جبکہ جامعات طلباء کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم اور ہنر فراہم کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں جامعات میں داخلہ لینے والے طلباء کی تعداد خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے ، یونیورسٹیاں معیاری گریجوایٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے آن لائن تعلیم کا سہارا لیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعات آمدن بڑھانے کیلئے نئے راستے تلاش کریں، تحقیقی گرانٹس کے حصول کیلئے پروفیشنلز کی مدد لیں۔ اجلاس میں کامسیٹس یونیورسٹی کے مالی ، انتظامی ، تعلیمی اور ملازمین سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔