گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے پاک فوج الیون کور کے تعاون سے زرعی یونیورسٹی پشاورمیں پانچ روزہ سپورٹس گالا 2023 کا افتتاح کردیا

139
گورنرخیبرپختونخوا

پشاور۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے پاک فوج الیون کور کے تعاون سے زرعی یونیورسٹی پشاور میں پانچ روزہ اسپورٹس گالا 2023 کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب میں نگران وزیرتعلیم پروفیسر ڈاکٹر قاسم جان، نگران صوبائی وزیر نجیب اللہ خان، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت، وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی ڈاکٹر محمدسلیم، وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر گل مجید، الیون کور کے لیفٹیننٹ کرنل عاصم،ڈائریکٹرسپورٹس بحر کرم، سابق رکن صوبائی اسمبلی عاطف الرحمن،طلباء وطالبات اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔خٹک سپورٹس جمنازیم زرعی یونیورسٹی میں شروع ہونیوالے سپورٹس گالا میں چار یونیورسٹیوں زرعی یونیورسٹی پشاور، یو ای ٹی پشاور، اسلامیہ کالج یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف پشاور سمیت4 کالجز خیبرمیڈیکل کالج، خیبرڈنٹسٹری کالج، ارنم انسٹیوٹ پشاور اور پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ کے 10 ہزار سے زائد میل فیمل اتھیلٹس مختلف مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں،

جن میں میل کھلاڑیوں کرکٹ، سکواش، ٹیبل ٹینس، بیدمنٹن، والی بال، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی اور اتھلیٹکس اور فیمیل کھلاڑیوں کیلئے ٹیبل ٹینس،بیڈمنٹن، والی بال، رسہ کشی، کیرم بورڈ اور لڈو کے مقابلے شامل ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرکاکہناتھاکہ اگر وی سی مجھ سے مشورہ کرتے تو سپورٹس گالا میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو گورنرہائوس مدعوکرتاجس پر منتظمین،کھلاڑیوں کی جانب سے خوشی کااظہارکیا اورگورنر کاشکریہ ادا کیا۔

گورنرنے اس موقع پر اسپورٹس گالا کے انعقاد پر کورکمانڈرپشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات اور سپورٹس گالا کے منتظمین کومبارکبادپیش کی۔ انہوں نے کہاکہ کھیل انسان میں قوت برداشت، نظم و ضبط اور اتفاق کاجذبہ پیداکرتاہے،صحت مندزندگی کیلئے کھیل اہم سرگرمی ہے،کھیلوں کو فروغ دیکر دہشت گردی کاخاتمہ کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلے اورکھیلوں کی سرگرمیاں ختم ہوتی جارہی ہیں،محکمہ تعلیم،تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد کرانے کی ذمہ دار ی ادا کریں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کریں ۔

گورنرنے کہاکہ کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والے طالب علم ملک اوراپنے تعلیمی اداروں کے سفیر ہیں، کھلاڑی محنت کریں اور اپنے اپنے میدان میں نام پیدا کریں۔انہوں نے کہ آج اس عظیم الشان سپورٹس گالا کے موقع پر بہت خوشی اور فخر محسوس کر رہا ہوں، یہ ایک اہم دن ہے کیونکہ یہ سپورٹس گالا محض ایک تقریب نہیں ہے، یہ اتحاد، استقامت، برداشت، شائستگی کے جذبے اور ہماری یونیورسٹیوں کی آپس میں محبت کا ایک زندہ ثبوت ہے جو کیمپس کے سپورٹس منتظمین کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔تقریب کے اختتام پرگورنر نے سپورٹس گالا میں شریک کھلاڑیوں میں ٹرافیاں جبکہ سپورٹس گالا کے منتظمین میں تعریفی شیلڈزبھی تقسیم کیں۔چیئرمین کیمپس کوآرڈینیشن کمیٹی و وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی، صوبائی وزراء ڈاکٹر قاسم جان بنگش اور ڈاکٹر نجیب اللہ سمیت تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔