لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت نشتر کالج آف نرسنگ کا پہلا کانووکیشن منعقد ہوا۔گورنر پنجاب نے کانووکیشن میں بی ایس نرسنگ پوسٹ آر ایم کی 100 طالبات کو ڈگریاں ایوارڈ کیں اور 11 طالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ کے شعبہ میں پاکستان میں بہت ترقی ہوئی ہے ۔
نرسنگ خدمت انسانیت کا شعبہ ہے۔ اساتذہ نے نالج، ہنر اور سکلز کو طلبا میں ٹرانسفر کیا۔ نرسنگ کا صحت کے شعبہ میں اہم کردار ہے۔دنیا کا کوئی ڈاکٹر اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا ہے جب تک رائٹ کیئر نرسنگ نہ ہو۔مریض کو صحت کی طرف لوٹانے میں نرسنگ کا اہم کردار ہے۔مریض کی دیکھ بھال کرنا ہمارا مذہبی فریضہ بھی ہے۔ہمیں مخلوق خدا کی خدمت کرنا ہے۔آپ اپنے مریض کی پوری توجہ سے خدمت کریں۔پاکستان کی فلاح اچھے صحت کے اداروں کے ساتھ جڑی ہوئی ہے ۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ ہم سب نے مل کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہوگا۔ہمیں مختلف خیالات کے باوجود اپنی بات کو دلائل سے منوانا ہے۔معاشرے میں موجود نفرتوں کو دور کرنا ہے۔
نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔ہمیں بہتری اور پازیٹوٹی کی طرف جانا ہے۔ کانووکیشن میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی رانا الطاف احمد نے یونیورسٹی کی ایچومنٹس کے بارے میں بتایا۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی رانا الطاف احمد نے گریجوایٹ سے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا حلف بھی لیا۔پرنسپل نشتر کالج آف نرسنگ رخسانہ پروین نے کالج کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔