نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی کا ریڈیو پاکستان لاہور آفس کا دورہ

125
نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی کا ریڈیو پاکستان لاہور آفس کا دورہ

لاہور۔13اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے جمعہ کو ریڈیو پاکستان لاہور آفس کا دورہ کیا۔ اسٹیشن ڈائریکٹر جاوید اختر اور معروف اداکار خالد عباس ڈار نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو کی عمارت میں قدیم ترین ورثے کی اشیا دیکھیں اور ان کا جائزہ لیا جبکہ پرانا پیانو بجا کر سب کوحیران کر دیا۔

وفاقی وزیر نے ریڈیو آفس کے مختلف حصے بشمول میوزک لائبریری، پوڈ کاسٹ اسٹوڈیو، نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز چینل کا دورہ کیا اورنیوز اینڈ کرنٹ افیئرز لاہور ان سائٹ پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے ریڈیو سٹاف کے مسائل بھی سنے اور دیرینہ مسائل پر جامع بریفنگ پیش کرنے کی ہدایت کی اور ان شکایات کو دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ریڈیو سٹیشن کے ڈائریکٹر جاوید اختر نے وفاقی وزیر کو ریڈیو پاکستان کے کام کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ریڈیو پاکستان لاہور کی لابی میں تاریخی گلوکاروں اور فنکاروں کی تصاویر بھی آویزاں ہیں۔