مانسہرہ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):ڈی پی او مانسہرہ ظہور بابر آفریدی کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
اس سلسلہ میں تھانہ بالاکوٹ پولیس نے محلہ مدنی گرلاٹ کے رہائشی منشیات ڈیلر عادل ولد رحمت اﷲ کو چرس اور آئس سمیت گرفتار کر لیا، پولیس نے ملزم سے منشیات فروشی کی رقم 53 ہزار 900 روپے اور 2 کلو 315 گرام چرس سمیت 100 گرام آئس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
بالاکوٹ پولیس کا کہنا ہے کہ معاشرہ سے اس لعنت کے خاتمہ کیلئے عوام کو بھی منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کا بھرپور ساتھ دینا چاہئے، منشیات فروشوں کے خلاف اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔