فیصل آباد۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام ضلع فیصل آباد میں زیادہ گندم اگاؤ مہم کا آغازکردیا گیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے ایک مہم کا آغاز کیا ہے جس میں محکمہ کا فیلڈ سٹاف اور زرعی افسران مکمل متحرک اوردیہاتوں میں کاشتکاروں کو ان کے ڈیروں پر ڈیجیٹل طریقہ سے تربیت فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ865 چکوک میں کاشتکاروں کو30 اکتوبر تک جدید طریقے اور ٹیکنالوجی کی مدد سے تربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت جدید پیداواری ٹیکنالوجی گندم کی آگاہی کیلئے نمائشی پلاٹس بھی کاشت کرارہا ہے جس میں کاشتکاران کی حوصلہ افزائی کیلئے ہزاروں روپے فی کس دیئے جائیں گے نیز گندم کے کاشتکاروں میں پیداواری مقابلے کا انعقاد کیا جائے گا اور ضلع کی سطح پر پہلے3 پوزیشن ہولڈر کاشتکاران کو کیش انعام دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کی راہنمائی کیلئے یونین کونسل،مرکز اور تحصیل کی سطح پر واٹس ایپ گروپس بھی بنا دیئے گئے ہیں جن میں کاشتکاری امور بالخصوص گندم کی پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت توسیع فیلڈ میں یوم کاشتکاران کا انعقاد بھی کرا رہا ہے جس میں تحقیقاتی اداروں سے ماہرین زراعت گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق کاشتکاروں کو راہنمائی مہیا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت توسیع گندم کے کاشتکاروں کی مالی معاونت کیلئے بھی کوشاں ہے اس سلسلے میں تصدیق شدہ اور منظور شدہ اقسام گندم سمیت جڑی بوٹی مار زہروں پر بھی خطیر سبسڈی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں سے گزارش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ رقبے پرمحکمہ کی سفارش کردہ اور منظور شدہ اقسام کی کاشت کو فروغ دیں جن کا بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ڈپوز سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار محکمہ زراعت توسیع کے مقامی عملہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر کے ملک کو گندم میں خود کفیل بنائیں۔