اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تجارت، صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی)میں چین کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ اس منصوبے نے پاکستانیوں کی زندگیوں کو بدل دیا ہے، سی پیک کے ابتدائی مرحلے نے بجلی کی بندش کو ختم کر دیا ہے اور فاضل بجلی پیدا کرنے میں سہولت فراہم کی ہےجس سے صنعت کاری کی نئی منزلیں طے ہو رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو شنگھائی میں چینی ایگزم بینک کے صدر رین شینگجن سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے بی آر آئی کے آنے والے مرحلے پر روشنی ڈالی جس میں نجی شعبوں کے تعاون پر توجہ دی گئی ہے۔گوہر اعجاز نے رکاوٹوں کو دور کرنے اور بڑے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی تعریف کی۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کراچی، لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیڈز) کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ ہر ایک ایس ای زیڈصنعتی ترقی کو آسان بنانے کے لیے جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہوگا۔
چینی ایگزم بینک کے صدر رین شینگجن نے کہا کہ ایگزم بینک نے قرضوں کی تنظیم نو کے لیے اپنے اندرونی عمل کو مکمل کر لیا ہےجو آر ایم بی میں لین دین کو آسان بنائے گا اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔ انہوں نے نجی سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے کے لیے پی سی سی کے قیام کو ایک فائدےمند طریقہ کار کے طور پر سراہتے ہوئے ڈاکٹر گوہر اعجاز کا ان کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر نے مواصلات کو بڑھانے میں سی پیک کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی صنعتی سرگرمیوں کے نتیجے میں مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے، پاکستان علاقائی ممالک اور بلاکس کے ساتھ مارکیٹ تک رسائی کے معاہدوں پر سرگرمی سے بات چیت کر رہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ان ممالک کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ کے امکانات بھی ہی، کراچی ٹرانزٹ روٹ ترقی کے بے پناہ امکانات رکھتا ہے جس میں روس اور دیگر ممالک کے ساتھ آر ایم بی میں سرکاری تجارت بھی شامل ہے۔ گوہر اعجاز نے سرمایہ کاری کے لیے کان کنی کے شعبے کو کھولنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چینی کمپنیوں کو اس ترقی میں شراکت دار بننے کے لیے مدعو کیا۔
انہوں نے زرعی شعبے میں چینی تاجروں کی جانب سے بھی نمایاں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پاکستان کارپوریٹ کنسورشیم (پی سی سی) کے قیام کا اعلان کیاجو 10اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کاروباری گروپ پر مشتمل ہےجس کا مقصد سرمایہ کاری کے لیے ممکنہ چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری اور جوائنٹ وینچرز کا قیام ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی میں ایگزم بینک سے تعاون کی درخواست کی۔ ملاقات میں دونوں فریقوں نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، یہ شراکت داری دونوں ممالک کی خوشحالی اور ترقی کی ضمانت ہے۔