بنگلور۔20اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لئے 368 رنز کا ہدف دے دیا، ڈیوڈ وارنر نے 162 اور مچل مارش نے 121 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، پاکستان کے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جمعہ کو ایم چنا سوامی سٹیڈیم بنگلور میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 18ویں میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔
آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے، آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پاکستانی بائولرز کی خوب درگت بنائی اور گرائونڈ کے چاروں طرف خوبصورت سٹروکس کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 259 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر نے 124 بالوں پر 163 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جس میں 9 چھکے اور 14 چوکے شامل ہیں، مچل مارش نے 9 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 108 بالوں پر 121 رنز بنائے۔
ان دونوں بیٹرز کے علاوہ آسٹریلیا کا دیگر کوئی بلے باز نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ گلین میکسویل صفر، سٹیون سمتھ 7، مارکس سٹوئنس 21، جوش انگلس 13، مارنس لبوشین 8، مچل سٹارک 2 اور جوش ہیزلووڈ صفر پر آئوٹ ہوئے، کپتان پیٹ کمنز 6 اور ایڈم زمپا ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 54 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رئوف مہنگے بائولر ثابت ہوئے تاہم انہوں نے 8 اوورز میں 83 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، اسامہ میر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لئے 368 رنز کا بڑا ہدف دیا ہے۔