ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام میں ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور 9 زخمی

202
ٹریفک حادثات

ایبٹ آباد۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام میں ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔ پہلا حادثہ مانسہرہ کے علاقہ سانڈے سر میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار حادثہ کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گیا، کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 مانسہرہ کی میڈیکل ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ حادثہ کے بعد میڈیکل ٹیم نے ڈیڈ باڈی کو کنگ عبداﷲ ہسپتال منتقل کر دیا۔ دوسرا حادثہ ایبٹ آباد کے مری روڈ پر موٹر سائیکل سوار کو پیش آیا، حادثہ کے نتیجہ میں دو افراد زخمی ہوئے، کنٹرول روم کو اطلاع ملنے پر ایک ایمبولینس بمعہ میڈیکل ٹیکنیشن جائے حادثہ پر پہنچی۔

ریسکیو میڈیکل ٹیم نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کر دیا۔ تیسرا حادثہ کوزہ بانڈہ ٹول پلازہ بٹگرام کے قریب دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں پیش آیا۔ ریسکیو 1122 بٹگرام کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوتے ہی میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی، حادثہ کے نتیجہ میں دو خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو 1122 بٹگرام کی میڈیکل ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام منتقل کر دیا۔