وفاقی دارالحکومت میں ہیلتھ کی ٹیموں کا مختلف علاقوں میں انسداد ڈینگی کنٹرول کے لیے فوگنگ کا عمل جاری

96

اسلام آباد ۔23اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر ڈائریکٹر آف ہیلتھ سروسز میٹرو پولیٹن کارپوریشن ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کی زیر نگرانی ہیلتھ کی ٹیموں کا مختلف علاقوں میں انسداد ڈینگی کنٹرول کے لیے فوگنگ کا عمل جاری ہے ۔

ترجمان کے مطابق اسلام آباد کے گورنمنٹ سکول ایف سیون تھری,ایف سیون فور ایف سیون ون ، ایف سکس ٹو ، سکول تیرہ ،ای الیون ٹو,پولی کلینک ہسپتال ، جی سکس ٹو ڈاکٹر ہوسٹل اور نرسنگ ہوسٹل میں فوگنگ کروائی گئ، جس میں ڈی ایچ ایس ، ڈی ایچ او آفس ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز و میجسٹریٹس,محکمہ صحت کی ٹیمیں ، ایم سی آئی ، یوسیز کی ٹیمیں و دیگر ادارے شامل ہیں،

مزید برآں فوگنگ کروانے کی وجہ سے ڈینگی کے مریضوں میں کافی حد تک کمی دیکھی گئی ہے۔ترجمان آئی سی ٹی کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مہلک وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے ہرممکن وسائل کا استعمال کیا جائے گا، دیہی علاقہ اسلام آباد ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور شہریوں کی جان کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام ہماری ترجیح ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بڑھتے ڈینگی بخار کی وجہ سے ڈینگی وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا بھی ضروری ہے، انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں۔