روزانہ کی بنیاد پر اینٹی سموگ کنٹرول پروگرام کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،ڈی سی ننکانہ

165
سموگ

ننکانہ صاحب ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پرضلعی انتظامیہ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر اینٹی سموگ کنٹرول پروگرام کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،بڑھتی ہوئی آلودگی انسانی صحت کے لئے خطرناک ہے ،ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے بچاو کے لئے شہریوں کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کر کے اپنا قومی کردار ادا کرنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹروے ایم تھری کے گردونواح میں اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ اللہ توکل وٹو کی سربراہی میں سموگ کا باعث بننے والوں کے خلاف کاروائی کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ اللہ توکل وٹو نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات ننکانہ عبدالقیوم،محکمہ ریونیو،زراعت ودیگر ضلعی افسران کے ہمراہ موٹروے ایم تھری کے گردونواح میں متعددرائس ملز،اینٹوں کے بھٹہ جات،فیکٹریز سمیت فصلوں کی باقیات جلانے والے کاشتکاروںکے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے اینٹوں کابھٹہ سیل کرکے ان کے خلاف متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آرز کا اندراج کروایا اور مالکان کو حراست میں لیا گیاجبکہ ایک لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے کہا کہ تمام رائس ملز مالکان،بھٹہ مالکان اور کاشتکاروں کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جوسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنیںتاکہ شہریوں کوآلودگی سے پاک صاف ستھراماحول مہیاکیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کا باعٹ بننے والی فیکٹریز،فصلوں کی باقیات کو جلانے اور گردوغبار کے عوامل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے بتایا کہ ابتک ضلعی محکمہ ماحولیات،زراعت، ریونیو سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے سموگ کا باعث بننے اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کاروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 05لاکھ 40ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ 18افراد کے خلاف متعلقہ تھانہ جات میں ایف آئی آرز درج ہوئیں۔