اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے ٹی ایس جی ٹریننگ سینٹر کی مینجمنٹ پر زور دیا ہے کہ این ٹی ڈی سی اور پاور سیکٹر کے دیگر ملازمین کی فیلڈ ٹریننگ کیلئے ہائبرڈ/کنٹینرکے استعمال پر مبنی ماڈل پر عملدرآمد کیاجائے۔انہوں نے یہ بات اے ای سی جاپان کی کنسلٹنٹ ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے منگل کو واپڈا ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جائیکا،جاپان کے تعاون سے ٹی ایس جی ٹریننگ سینٹر کے ذریعے گرڈ سسٹم کے آپریشنز اور مینٹیننس کیلئے تربیت کی استعدادکار کو بڑھانے کیلئے جاری منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں این ٹی ڈی سی کے سسٹم میں بہتری کیلئے جائیکا کے تعاون سے تربیت، ریفریشر کورسز اور نئے منصوبوںکی نشاندہی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاور سیکٹر میں نئی ٹیکنالوجیز استعمال میں آ رہی ہیں، نتیجتاً آپریشنز اور دیکھ بھال کیلئے تربیت اور آلات کیلئے بھی نئے طریقے اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے این ٹی ڈی سی ملازمین کو تربیتی سہولیات فراہم کرنے پر حکومت جاپان اور جائیکا کا شکریہ بھی ادا کیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے پاور سیکٹر میں مہلک واقعات سے بچائوکیلئےحفاظتی تربیت کے انعقاد پر بھی زور دیا۔ انہوں نے این ٹی ڈی سی کی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ دور دراز علاقوں میں ملازمین کی تربیت، خاص طور پر سائوتھ ریجن کے دشوار گزارعلاقوں کیلئے کنٹینر کے استعمال پر مبنی ماڈل پر عملدرآمدکرنے کےلئے کام کریں اوراس کیلئے ایک منصوبہ تیار کریں۔ انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے کہا کہ این ٹی ڈی سی پاور سیکٹر میں ملازمین کی تربیت کا ایک نیا تصورپیش کرے گا ۔انہوں نے جاپان کے وفد پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں این ٹی ڈی سی کے ساتھ تعاون کریں۔
اے ای سی جاپان کے نمائندے نے یقین دلایا کہ دوردرازعلاقوں میں ملازمین کو تربیت کی فراہمی کیلئے ہائبرڈ/کنٹینرکے استعمال پر مبنی ماڈل پر عملدرآمد کیلئے این ٹی ڈی سی کو تمام تکنیکی مدد فراہم کی جائے گی ۔ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (پی اینڈ ای) انجینئر قیصر خان، جنرل منیجر ٹی ایس جی صفدر علی، چیف انجینئرٹی ایس جی نارتھ محمد شاہد نذیر اور این ٹی ڈی سی کے دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔